ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) بھارتی شہر بنگلورو میں میڈیکل کالج کے ایک پروفیسر نے ایک طالبہ کو کلاس روم کے اندر شادی کی پیشکش کی جس پر  طالبہ نے دیگر طالبعلموں کے ساتھ مل کر استاد کی پٹائی کر ڈالی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق کلاس کے دوران پروفیسر نے طالبہ سے اپنے جذبات کا اظہار کیا لیکن خاتون نے فوری طور پر اعتراض اٹھایا جس کے نتیجے میں دونوں کے درمیان تند و تیز جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ  پروفیسر طالبہ سے کہہ رہا ہے کہ تم نے مجھ سے کہا تھا 'میں تم سے پیار کرتی ہوں' جس پر خاتون نے اس دعوے کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا 'میں نے یہ نہیں کہا'۔

فوٹیج میں پروفیسر کو مائیک آن کرکے یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ آج میں اپنے بیچ کی سب سے اہم لڑکیوں میں سے ایک کو پروپوز کرنا چاہوں گا۔

تاہم بعدازاں دونوں میں بحث شروع ہو جاتی ہے۔

ویڈیو کے دوسرے حصے میں طالبہ کو دیگر طالبعلموں کے ساتھ مل کر استاد کی چپل اور تھپڑوں سے پٹائی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔