امریکی سینٹرل کمانڈ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے مطابق آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے وقت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی پیر سے شروع ہو گی۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے اعلان کے مطابق 13 اپریل کو صبح 10 بجے(ایسٹرن ٹائم) ایرانی بندرگاہوں میں داخل ہونے اور نکلنے والی تمام سمندری ٹریفک کی ناکہ بندی پر عمل درآمد شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سینٹ کام کے مطابق یہ ناکہ بندی تمام ممالک کے جہازوں پر یکساں طور پر نافذ کی جائے گی جو ایرانی بندرگاہوں یا ساحلی علاقوں میں داخل ہوں گے یا وہاں سے نکلیں گے۔ اس میں خلیج اور بحیرہ عمان میں واقع تمام ایرانی بندرگاہیں شامل ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’سینٹ کام آبنائے ہرمز سے گزرنے والے اُن جہازوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالے گا جو غیر ایرانی بندرگاہوں کی جانب یا وہاں سے آ رہے ہوں۔‘

سینٹ کام کا کہنا ہے کہ ناکہ بندی کے آغاز سے قبل تجارتی جہاز رانی کے اداروں کو باضابطہ نوٹس کے ذریعے مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ امریکہ آبنائے ہرمز میں داخل ہونے یا وہاں سے نکلنے کی کوشش کرنے والے تمام جہازوں کی ناکہ بندی کے عمل کا آغاز کرے گا۔